بنگلورو،26؍جنوری(ایس او نیوز) پانچ ریاستوں کے انتخابات کی سرگرمیوں کے دوران مرکزی حکومت کی طرف سے بجٹ پیش کرنے کی کوششوں کو جمہوریت کیلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے نے کہاکہ مرکز کو اگر بجٹ پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی تو یہ جمہوریت کے ساتھ کھلی ناانصافی ہوگی۔ آج شہر میں کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی دفتر میں یوم جمہوریہ تقریبات میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایسے موقع پر جبکہ پانچ اہم ریاستوں میں انتخابات ہورہے ہیں مرکزی حکومت کی طرف سے بجٹ پیش کرنے کا عمل درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران عوام سے وعدے کرکے انہیں رجھانے کیلئے مرکزی حکومت بجٹ کا استعمال کرسکتی ہے۔ کانگریس رہنما پریانکا گاندھی کی خوبصورتی کے متعلق ونئے کٹیار کے تبصرہ کو خواتین کے تئیں بی جے پی کی گندی ذہنیت کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایک رکن پارلیمان کو اس طرح کے بیانات زیب نہیں دیتے۔ اس موقع پر کے پی سی سی کا رگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے پرچم کشائی کی ۔وزیر اعلیٰ سدرامیا اور دیگر کابینی رفقاء وکانگریس لیڈران موجود تھے۔